دکانداروں اور مکینوں کو گھروں سے باہر نکلنے اور اندر جانے کیلئے بھی دشواری، کام تیزی سے پورا کرنے مقامی لوگوں کا مطالبہ
بنگلورو،14؍اکتوبر (ایس او نیوز؍خصوصی رپورٹ) بنگلوروکے شیواجی نگرعلاقے میں اسمارٹ سٹی پراجیکٹ کے لئے جاری کام کے سبب لوگوں کی دشواری دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے۔
خصوصاً چاندنی چوک روڈ پر اس کام کیلئے کھدائی کرنے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ بنگلورو اسمارٹ سٹی کارپوریشن کے انجینئرس اور کارکن شاید بھول گئے ہیں کہ یہ سڑک کام کے لئے کھودی گئی ہے۔ اس سڑک پر موجود دکانداروں اور مکینوں کو گھروں سے باہر نکلنے اور اندر جانے کیلئے بھی دشواری پیش آ رہی ہے۔
سڑک کے کنارے دونوں جانب اتنے بڑے گڈھے بنا دئیے گئے ہیں کہ گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے کیلئے لوگوں نے لکڑیاں اور لوہا یاپھر جو بھی ہاتھ لگا اس کا استعمال کر کے پل بنا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بارش کے موسم نے عوام کی دشواری کو دوگنا کر دیا ہے۔ کام کیلئے کھدائی کے دوران ڈرائنیج پائپ لائنوں کو جو نقصان پہنچایا گیا ہے اس کی وجہ سے گٹر کا گندہ پانی ان گڈھوں میں بھر گیا ہے۔
یہاں کے مقامی مکینوں اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ ساری دنیا کورونا وائرس سے پریشان ہے اور ہر جگہ پاکی صفائی کی پابندی کی جا رہی ہے۔ یہاں تک کہ بار بارہاتھ صاف کرنے کیلئے سینی ٹائزر کا استعمال کیا جا رہا ہے، ایسے میں شہر کے قلب میں واقع شیواجی نگر علاقے میں گھروں اور دکانوں کے باہر گٹر کا پانی بہہ رہا ہے تو اس پر حکام کو توجہ دینی چاہئے۔ بارش کے ان دنوں میں مذکورہ سڑک پر پانی تقریباً2سے3فیٹ تک جمع ہو جا تا ہے،جس سے نہ صرف راہ گیروں کو بلکہ گاڑی کے سواریوں کو بھی کافی پریشانی اٹھا نی پڑ رہی ہے۔
مذکورہ سڑک میں تجارتی سر گرمیاں کافی زیادہ ہیں،یہاں نہ صرف مقا می گاہک بلکہ بیرونی علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں گاہک یہاں پہنچ کر اپنے لئے درکار چیزوں کی خریدی کر تے ہیں۔ ایسی صورت میں اس سڑک کی خستہ حالی اور سڑک کی کھدائی کی وجہ سے یہاں کے تاجر پیشہ افراد اپنے کاروبار کو لے کر کافی پریشان ہیں۔دکانوں تک گاہکوں کو پہنچنے میں کا فی رکاوٹوں کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے،ایک جانب کورونا وائرس کی وجہ سے گاہکوں کی تعداد میں کمی واقع ہوچکی ہے تو دوسری جانب اسمارٹ سٹی پراجیکٹ کے جاری کام کی وجہ سے سڑک کی خستہ حالی سے گاہکوں کی تعداد میں مزید کمی آچکی ہے۔